11 اکتوبر 2015 - 07:22
داعش کی کمرٹوٹ گئی، روسی وزارت خارجہ

روس نے اعلان کیا ہے کہ شام میں ہوائی حملوں نے داعش کو کمزور کردیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کے ترجمان ایگور کوناشنکوف نے سنیچر کو کہا ہے کہ داعش کے مراکز پر فضائی حملے شروع ہونے کے بعد اس گروہ کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی توانائی کم ہوگئی ہے۔ اسی کے ساتھ روسی وزارت دفاع نے بھی ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ روسی فضائیہ نے شام میں اپنے چونسٹھ حملوں میں، داعش کے پچپن مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔

روسی وزارت دفاع نے اس بیان میں شام میں داعش کے ٹھکانوں کے بارے میں زیادہ اطلاعات ملنے کے بعد ہوائی حملوں میں شدت کا اعلان کیا ہے۔

دوسری طرف شام نے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف روس کے فضائی حملوں کو موثر بتایا ہے۔ شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے اعلان کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف روس کے حملوں نے شام کے عوام کے دلوں میں یہ امید پیدا کردی ہے کہ سرانجام ان کے ملک کو تکفیری دہشت گردوں سے نجات ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ روس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دہشت گردوں پر حملے کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے روسی دوستوں نے جب دہشت گردوں کے مراکز پر کروز میزائل داغے تو صراحت کے ساتھ یہ اعلان بھی کیا کہ کتنے میزائل اپنے اہداف پر لگے ہیں۔

شام کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ روس کے جنگی طیارے زمینی کارروائیوں میں شامی افواج کی مکمل پشت پناہی کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شام میں دہشت گردوں پر روس کے فضائی حملے بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہیں۔ .

قابل ذکر ہے کہ روس کی وزارت دفاع نے جمعے کے دن اعلان کیا تھا کہ شام کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے مراکز پر اس کے حملوں میں داعش کے دو اہم کمانڈروں سمیت، اس گروہ کے تین سو سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

.......

/169